ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک ضمنی انتخابات: سرا اور آر آر نگر میں بی جے پی کامیاب، منی رتنا مسلسل تیسری بار کامیاب

کرناٹک ضمنی انتخابات: سرا اور آر آر نگر میں بی جے پی کامیاب، منی رتنا مسلسل تیسری بار کامیاب

Wed, 11 Nov 2020 12:43:48    S.O. News Service

بنگلورو، 11؍نومبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے دو اسمبلی حلقوں راجا رجیشوری نگر اور سرا میں ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے۔ حسب تو قع دونوں حلقوں میں بی جے پی امیدواروں نے شاندار کامیابی درج کی ہے۔ 

آر آر نگر سے بی جے پی امیدوار منی رتنا نائیڈو نے 57،936 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کانگریس امیدوار ایچ کسما کو شسکت دی ہے۔ اس حلقہ کے ووٹوں کی گنتی کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بی جے پی امیدوار منی رتنا نے 1،25،734 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف کانگریس امیدوار کسما نے 67،798 ووٹ لئے۔ جے ڈی ایس امیدوار این کرشنا مورتی کو صرف 10251 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ منی رتنا اس حلقہ سے مسلسل تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پچھلے دو انتخابات میں انہوں نے کانگریس کی ٹکٹ پر لڑ کر کامیاب ہوئے تھے ، اس مرتبہ منی رتنا نے بی جے پی کی ٹکٹ پر چناؤ لڑ کر اتنی زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ 

سرا میں توقع کے برعکس بی جے پی امیدوار ڈاکٹر راجیش گوڈا کامیاب ہوئے ہیں۔ بی جے پی نے پہلی بار اس حلقہ سے کامیابی درج کروائی ہے راجیش گوڈا نے اس حلقہ میں تجربہ کار سابق ریاستی وزیر کانگریس امیدوار ٹی بی جئے چندرا کو 12979 ووٹوں کے فرق سے ہرایا ۔ راجیش گوڈا نے 74،552 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے حریف ٹی بی جئے چندرا کو 61573 ووٹ ملے۔ جے ڈی ایس امیدوار اماں جما نے 35،982 ووٹ حاصل کر کے اس حلقہ سے بی جے پی کی جیت کے لئے راہ ہموار کی ہے۔ 

اقتدار کی طاقت: دونوں حلقوں میں کانگریس کی شکست پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ یہ نتائج امیدوں کے برعسکس ہیں۔ ان دونوں حلقوں کے نتائج نے کانگریس لیڈروں کی قوت کو توڑ کر ہی رکھ دیا ہے۔ دونوں حلقوں میں حکمران بی جے پی نے اقتدار کا بھر پور استعمال کیا۔ اقتدار کی طاقت ہی نے بی جے پی کو کامیاب بنایا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حالانکہ بشمول بہار، گجرات، مدھیہ پردیش ، منی پور، چھتیس گڑھ کی کئی ریاستوں کے اسمبلی ضمنی انتخابات میں کانگریس کو شکست سے دو چار ہونا پڑا۔ اب ریاست کے سرا اور آر آر نگر حلقوں کے ضمنی انتخابات میں بھی کانگریس کو شکست کھانی پڑی۔ سرا میں سینئر کانگریس لیڈر ٹی بی جئے چندرا کی جیت کا ہمیں یقین تھا۔ آر آر نگر میں ہماری پارٹی نے ایک تعلیم یافتہ خاتون کسما کو ٹکٹ دیا تھا۔ ان کے لئے کانگیرس نے ایک حکمت عملی کے تحت مہم چلائی تھی۔ اس کے باوجود دونوں حلقوں میں کانگریس کی شکست ہوئی ہے کیوںکہ حکمران بی جے پی نے ان دونوں حلقوں میں طاقت اور دولت کے علاوہ اقتدار کی طاقت کا بھی زبردست استعمال کیا ۔

تاہم ہم عوام کے فرمان کو قبول کرتے ہوئے پارٹی کو بنیادی سطح پر طاقتور بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان دونوں حلقوں میں کامیابی حاصل  کرنے والی بی جے پی نے 57 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ شکست کے باوجود کانگریس کو 36 فیصد ووٹ ملے ۔ جے ڈی ایس نے صرف 12 فیصد ووٹ لئے ہیں۔ ان دونوں حلقوں میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد دونوں حلقوں میں پارٹی لیڈروں اور ورکرس نے کامیابی کا جشن منایا  اور کئی مقامات پر جلوس بھی نکالا گیا۔ جس میں سماجی فاصلے کا بالکل بھی لحاظ نہیں تھا۔ 


Share: